ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کسی صورت الیکشن کو شفاف نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں من پسند تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، اس سے اندازہ لگا لیں یہ کس طرح کا الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے اور پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ الیکشن اپنی ذات کیلئے نہیں جماعت کیلئے لڑ رہا ہوں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جو تاریخ دی تھی اس پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے آیا، کل رات اچانک مراسلہ جاری کیا جاتا ہے ریٹرننگ آفیسر (آر او) کو تبدیل کر دیا گیا ہے حالانکہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوجائے تو آر او تبدیل نہیں ہوتا۔