وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت کسی صورتحال میں نہیں بڑھائی جا رہی۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی کمی نہیں ہے، میرے ذمے لوگوں تک پیٹرول، گیس اور بجلی لوگوں تک مہیا کرنا ہے، حکومت معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعتیں چلیں گی تو لوگوں کے چولہے جلیں گے، ملکی معیشت ترقی کرے گی تو عوام خوشحال ہونگے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت ہے نہ خدشہ ہے، قیمتوں میں بھی اضافہ نہیں کیا جا رہا، پیٹرول پمپ مالکان جان بوجھ کر قلت کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، ایسے ڈیلرز اور مالکان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں،
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 15 فروری کو قیمت کا جائزہ لیں گے، اس سے قبل قیمت میں ردوبدل نہیں ہو گا تاہم پیٹرول کی ایل سیز کھلی ہیں اور اس پر کسی طرح کی کوئی بندش نہیں لگائی جبکہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر سٹاک بھی موجود ہے۔