اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا جواب جمع کرا دیا۔سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو میرا بیان ناگوار گزرا ہے تو معافی مانگتا ہوں ۔ خود کو الیکشن کمیشن کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسدعمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،۔دوران سماعت سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس پر جواب جمع کروا دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے حلقے میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ میں اور فواد چودھری دونوں الیکشن لڑ رہے ہیں ۔ مناسب ہوگا کہ الیکشن کے بعد کی تاریخ دیں، آئندہ سماعت پر اعتراضات پر دلائل دوں گا۔
وکیل فیصل چودھری نے مزید کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ آئندہ سماعت پر حاضر ہوسکوں، انتخابی مہم کے لیے وقت بھی کم ملا ہے۔الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔