اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات میں تاخیر پر لیے گئے از خوڈ نوٹس کیس کا 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا ہے جس کے بعد 5 رکنی بینچ نے سماعت کی ہے۔
سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بینچ کے 4 ممبرز نے خود کو بینچ سے الگ کر لیا ہے۔ عدالت کا باقی بینچ مقدمہ سنتا رہے گا ۔ آئین کی تشریح کیلئے عدالت سماعت جاری رکھے گی ۔ آئین کیا کہتا ہے اس کا دارومدار تشریح پر ہے۔ کل ہر صورت میں سماعت کو مکمل کریں گے۔
چیف جسٹس نے بیرسٹر علی ظفر کو کہا کہ آگاہ کیا جائے عدالت یہ مقدمہ سن سکتی ہے یا نہیں؟ ۔ علی ظفر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو ارسال کی ۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ فل کورٹ کے معاملے پر درخواست دائر کی ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جواب دیا کہ آپ کی درخواست بھی سن کر نمٹائی جائے گی ۔