تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ہدایت ہے کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہوں، ہم الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ڈی ایم کی ایکس ٹینشن لگادی گئی، ہمیں معلوم نہیں تھا کہ محسن نقوی لوگوں کے قتل کروائے گا، نگران وزیراعلیٰ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور ایڈیشنل سیکریٹی ہوم کو خون کا حساب دینا پڑے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل کی ریلی نے عوام کا موڈ بتا دیا ہے، 22 کروڑ عوام کے ہاتھ میں بلا ہے، ن لیگ اور پی ڈی ایم آگے آگے اور بلا پیچھے پیچھے ہے، اتنی پٹائی ہورہی ہے کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ بلے کا نشان ختم ہو جائے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مریم نواز کی عدلیہ کے خلاف مہم جاری ہے جو شرمناک ہے، لیکن حکومت من پسند عدالتی فیصلے پر ہی عمل کرتی ہے، پیسے کھانے کو نہیں تھے لیکن ن لیگ نے 15 ماہ اربوں روپے لگا کر توشہ خانہ پر مہم چلائی اور میڈیا کو اشتہار دیئے، انہیں پتہ ہی نہیں تھا کہ توشہ خانہ کے سب سے بڑے بینفشری تو یہ لوگ خود تھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اس حمام میں ننگے ہیں، مریم اور نوازشریف عمران خان اور بیگم بشری سے معافی مانگیں، 1988 سے 2002 کی رپورٹ کا انتظار ہے، مریم نواز کے خلاف آپ نہیں تو ہم تحقیقات کرائیں گے۔