سابق وزیر اعظم نواز شریف سے آج کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کا دن ہے۔ نواز شریف سے اُن کے اہلخانہ سمیت پارٹی رہنما بھی ملاقات کریں گے۔
نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے بعد آج ملاقات کا پہلا روز ہے۔
ملاقات کے پہلے روز نواز شریف سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، سینیٹر رانا مقبول، جاوید لطیف ملاقات کے لیے پہنچے۔
گزشتہ روز نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی تھی جو تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ مریم نواز اپنے والد کے لیے گھر سے کھانا اور دیگر ضروری سامان لے کر گئی تھیں جو جیل حکام کی اجازت کے بعد ان کے حوالے کیا گیا اور مریم نواز کی ملاقات بھی کرائی گئی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
نواز شریف سے ملاقات کے لیے جمعرات کا روز طے کیا گیا ہے اور ہر جمعرات کو صبح نو بجے سے سہہ پہر دو بجے تک اُن کے اہلخانہ، پارٹی رہنما اور کارکنان نواز شریف کی اجازت کے بعد ملاقات کر سکیں گے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر 4470 الاٹ کیا گیا ہے۔
نواز شریف کو 24 دسمبر کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ میں بری کر دیا گیا۔