اسلام آباد: وفاقی وزیر قانونی اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدلیہ میں اس وقت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے سہولت کار بیٹھے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدلیہ میں بیٹھے سہولت کاروں کو عمران خان ہینڈ سم لگ رہا ہے کیونکہ جب وہ گھر جاتے ہیں تو ان کے بچے کہتے ہیں کہ بڑا ہینڈ سم ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی تاریخ پر عدالت نہیں آئے لیکن یہ صرف اس لیے ہو رہا ہے کہ کہیں توشہ خانہ کا جواب نہ دینا پڑ جائے۔ یہ رعایت ہر ملزم کو میسر نہیں ہوتی لیکن یہ صرف ایک مخصوص لاڈلے کو میسر ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جب انصاف کا معیار مختلف ہو گا تو قانون کی حکمرانی کیسے آئے گی، عمران خان جتھا لے کر عدالت میں گھس جائے اور وہ گاڑی پر آئے یا پیدل آئے یہ اس کی مرضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہے، ہم نے فرد جرم بھی لگوائیں اور جیلوں میں بھی گئے مقدمات بھگتے، نواز شریف پر روزانہ کی بنیاد پر نیب میں مقدمہ چلایا گیا اور پاکستان کی تاریخ میں کوئی مقدمہ نہیں جو روزانہ کی بنیاد پر چلا ہو۔