وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں توڑنے کے نتیجے میں ایسا الیکشن ہونے جا رہا ہے جو آئین میں دی گئی اسکیم کے مطابق نہیں ہو رہا، ان صوبوں کے الیکشن کے نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا، یہ الیکشن ایک جھگڑا اور فساد کو جنم دے گا، ہماری کوشش یہی ہے کہ اس پورے ملک میں الیکشن عبوری سیٹ اپ کے تحت ایک ہی بار ہوں۔
فیصل آباد سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آج مریم نواز کے خلاف جو گھٹیا زبان استعمال کی ہے اس سے یہ ثابت ہو گیا کہ انہوں نے عمران کو چیلنج اور ایکسپوز کرنے کا جو قدم اٹھایا تھا اس میں وہ کامیاب رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ پولیس نے لوگوں پر لاٹھی چارج کیا کیونکہ ان کا مقصد تھا کہ لوگ ردعمل دیں گے اور وہاں فساد ہو گا اور اس کے نتیجے میں مجھے قتل کردیا جائے گا لیکن عمران خان یہ بتائیں کہ جب آپ سینکڑوں لوگوں کا جتھا لے کر جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ آور ہوئے تھے اس دن کون سی سازش ہوئی تھی، جوڈیشل کمپلیکس کا گیٹ توڑ کر آپ اندر گئے اور عدالت کے اندر جا کر توڑ پھوڑ کی اور جج کو ہراساں کیا۔