اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔
یہ گفتگو وکیل خواجہ طارق رحیم کے ساتھ کی گئی جو کہ پنجابی میں تھی، اس میں خواجہ طارق رحیم نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ خاتون جو بول رہی ہے اس کو اچھی طرح کوئی جواب دینا چاہیے۔
جس کے جواب میں ثاقب نثار کا کہنا تھا جب ضرورت پیش آئی تو آپ سے کہہ دیں گے،مجھ میں حوصلہ ہے، برداشت کر سکتا ہوں، مجھے کنفیوژ یا پریشان نہیں ہوتا۔
مجھے پتہ ہے جب بھی آپ سے کہوں گا کہ آپ اس سائیڈ پر دھماکاکر دیں گے۔ جس پر خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ مجھے بتا دیجئے گا، جیسا کہیں گے ہو جائے گا۔
جس خاتون کے بارے میں بات ہو رہی ہے اس کے بارے میں مبینہ آڈیو ریلیز کرنے والے کا دعویٰ ہے کہ یہ مریم نواز کے بارے میں گفتگو ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سابق چیف جسٹس کی ایک مبینہ آڈیو وائرل ہوئی تھی جسے انہوں نے جعلی قرار دیا تھا۔