اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کل اتحادیوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔
لاہور میں شہباز شریف کی زیر صدارت کل اجلاس دوپہر ایک بجے ہوگا جس میں اتحادی رہنما شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کو سپریم کورٹ میں پنجاب اور کے پی الیکشن التواء کیس پر بریف کیا جائے گا جب کہ حکمران اتحاد زیر سماعت کیس سے متعلق اہم فیصلہ بھی کرے گا۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے اٹارنی جنرل کو مسلسل تیسرے روز بھی مشاورت کے لئے طلب کیا گیا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز اٹارنی جنرل منصور عثمان کو وزیراعظم شہباز شریف سے انتخابات کے معاملے پر ہدایات لینے کا کہا تھا۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرنے والا 4 رکنی بینچ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔