مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کے التوا کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست کرنے والے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہی بینچوں کے فیصلوں نے تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے
مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی قوم سے کہوں گا کہ آنکھیں کھولو، آپ کے ساتھ گھناؤنا مذاق ہو رہا ہے، 2017 میں سب لوگ خوش تھے، پیٹ بھر کر روٹی ملتی تھی اور لوگ خوشی کے ساتھ گزارا کرتے تھے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ہم نے آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ہم خواب دیکھ رہے تھے کہ پاکستان دنیا کے 10 سے 20 سب سے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو جائے گا لیکن آج کے فیصلے پتا نہیں اس ملک کو کہاں لے کر جائیں گے، پتا نہیں یہ کیا کرنے جا رہے ہیں، اگر یہ فیصلہ خوانخواستہ آیا تو ڈالر 500روپے ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایک بندے کی خاطر سیاست ہو رہی ہے اور ایک بندے کی خاطر اس طرح کے فیصلے سنائے جاتے ہیں، ابھی سابق آرمی چیف جنرل باجوہ جو باتیں کررہے ہیں کیا اس پر سوموٹو نہیں بنتا کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی اور غلط فیصلہ سنایا گیا تھا لیکن اس کا کوئی سوموٹو نہیں لیتا اور اپنی مرضی سے معاملات چلائے جا رہے ہیں، قوم پر فیصلے مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن قومی عہد کر لے کہ ایسے فیصلے نہیں ہونے دینا جو ملک و قوم کو تباہ کردے۔