پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ عدالت ہی الیکشن کی تاریخ آگے بڑھا سکتی ہے، 1988 میں بھی عدالت کے حکم پر انتخابات آگے بڑھائے گئے تھے۔
جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کررہا ہے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی اور عرفان قادر کمرہ عدالت میں موجود ہیں، علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل علی ظفر، پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک، سیکٹری دفاع، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ڈپٹی سیکریٹری داخلہ بھی عدالت میں موجود ہیں۔
سماعت کے آغاز پر فاروق ایچ نائیک روسٹرم پر آگئے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے بائیکاٹ ختم کردیا؟ فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ میں نے کوئی بائیکاٹ نہیں کیا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پھر کس نے بائیکاٹ کیا؟
جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ آپ کیسے ایک طرف بائیکاٹ اور دوسری طرف سماعت کا حصہ بھی بن رہے ہیں؟ فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ بینچ کے دائرہ اختیار پر تحفظات ہیں۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ 48 گھنٹے سے میڈیا کہہ رہا ہے کہ اعلامیہ کے مطابق سیاسی جماعتیں بینچ پر عدم اعتماد کر رہی ہیں، ہم پر اعتماد نہیں ہے تو دلائل کیسے دے سکتے ہیں، اگر اعلامیہ واپس لیا ہے تو آپ کو سن لیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کیا کہ کیا آپ کارروائی کا حصہ بننا چاہتے ہیں، فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ جی کارروائی کا حصہ ہیں، ہم نے تو بائیکاٹ کیا ہی نہیں تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اخبار میں تو کچھ اور لکھا تھا۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ آپ ایک طرف بینچ پر اعتراض کرتے ہیں دوسری طرف کارروائی کا حصہ بھی بنتے ہیں، حکومتی اتحاد اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنائیں، جو زبان اس میں استعمال کی گئی ہے۔