فیصل آباد:وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ عوام نے ہمیشہ اپنے ووٹ سے نوازشریف پر اعتماد کااظہار کیا ہے ،مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹ سے دوبارہ برسراقتدار آئےگی۔
اجتماع سے خطاب میں وزیرداخلہ راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آئی ایم ایف کے معاہدے کو پورا کرتے کرتے ہم یہاں تک پہنچے، انہو ں نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا،عمران خان کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس جانےسے بہتر ہے خودکشی کرلوں لیکن انہوں نے خودکشی نہیں کی اور آئی ایم ایف کے پاس چلے گئے ،
راناثنااللہ نے کہا عمران خان خود نشے کرتا ہے اور اس نے ہیروئن کا مقدمہ مجھ پر ڈال دیا، عمران خان نے دوسروں پر الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، انہوں نے اپنےدور میں سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائےاور خود فرح گوگی کے ذریعے لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا، پی ٹی آئی کے دور میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہوا بلکہ ان کے غلط فیصلوں کے باعث آج ملک میں مہنگائی ہے۔