وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی کے کیس میں ایئرپورٹ سے اہم گرفتاری ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے وفد نے مرحوم علی رضا عابدی کی رہائش گاہ پر ان کے والد سید اخلاق عابدی سے ملاقات کرکے تعزیت کی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے علی رضا عابدی کے والد کو اب تک کی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بہت افسوس ناک واقعہ تھا علی رضا بہت ملنسار انسان تھے، ہم انہیں تو واپس نہیں لاسکتے لیکن ظالم کو سزا ملنی چاہیے، ایئر پورٹ سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، آپ اطمینان رکھیں علی رضا کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا، اور اس شہرمیں کسی کو بھی امن خراب کرنے نہیں دوں گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے خفیہ اداروں کی جانب سے کوئی تھریڈ نہیں ملی تھی، جب ایم کیوایم پاکستان کے تحت منعقدہ میلاد کی محفل میں دھماکا ہوا، اور اس کے بعد پی ایس پی کے کارکنان پر حملہ ہوا تو میں نے اجلاس بلالیا، اجلاس میں بھی علی رضا عابدی کے تھریڈ کے حوالے سے خبرموصول نہیں ہوئی۔
پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی جیسے ذہین و نوجوان کا قتل سازش اور المناک ترین حادثہ ہے، ان کے قاتلوں کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے اور شہر میں خونی کھیل کھیلنے والوں کو عبرت کا نشانہ بنا دیں گے۔