اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کردی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے 10 رکنی کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، محمد اسلم بھوتانی کو کمیٹی کا چیئرمین مین مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں شاہدہ اخترعلی، محمد ابو بکر، برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر، حسین طارق، نازبلوچ، خالدمگسی، وجیہ قمر اور افضل خان شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقات اور انکوائری کے سلسلے میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد کے سکے گی، کمیٹی اپنی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی پنجاب اسمبلی کے حلقہ 137 سے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے والے ابوذر سے گفتگو کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں انہیں پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا۔
نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد سابق چیف جسٹس نے کہا تھا کہ میرے بیٹے کی ایک آڈیو ٹھیک ہے اور ایک میں وائس مکس کی گئی ہے۔اپنے بیٹے اور عزیر کو بلا کر پوچھا، بیٹے نے پیسوں کے حوالے سے بات کو غلط قرار دیا۔