اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان عدالت جا کر جس جس سے خطرہ ہے ثبوت دیں ورنہ اپنا منہ بند رکھیں۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ بہروپیا حالات کے مطابق اسکرپٹ اور حلیہ بنالیتا ہے، گرفتاری کے ڈر سے چارپائی کے نیچے اور ضمانت خارج ہونے کے ڈر سے وہیل چیئر کا ڈرامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ تمہارے پاؤں پر دباؤ نہیں تمہارے دماغ پر سازشی دباؤ ہے، عمران خان کو خطرہ اب صرف فارن فنڈنگ، توشہ خانہ، ٹیرین کیس سے ہے، گولی، پلستر، ڈبے، وہیل چیئر اور الیکشن کا بہانہ ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے اپنی حکومت ہٹانے کا ملبہ امریکا پر ڈالا پھر معافی مانگی، اندرون و بیرون ملک غلیظ مہم چلانے والا پھر الزام تراشی کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو گھروں سے نکالنے سے پہلے خود تو گھر سے باہر نکلو، پہلے کالی بالٹی سے منہ تو باہر نکالنے کا اعلان کرو پھر قوم کو باہر نکالنے کا اعلان کرنا۔