اسلام آباد: ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ ایک ہی روز انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت آج کرے گا۔ چیف جسٹس پاکستان کے علاوہ بینچ میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
عدالت کی جانب سے مؤقف جاننے کے لیے ملک بھر کی بڑی سیاسی جماعتوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اٹارنی جنرل پاکستان اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے تھے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات ان کی اپنی کوشش ہے اس کے لیے عدالت کی جانب سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے البتہ سپریم کورٹ کا 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم برقرار ہے۔