وفاقی حکومت نے الیکشن پر مذاکرات سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے جواب اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا۔ جواب میں کہا گیا کہ حکمران اتحاد یقین رکھتا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی بات چیت میں ہے۔
حکومت کی طرف سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک کے وسیع ترین مفاد میں مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے پر تیار ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بات چیت شروع ہونے کے بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی نے ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر اتفاق کیا۔
حکمران اتحاد کے جواب کے مطابق الیکشن معاملے پر فریقین میں مذاکرات پر مثبت پیشرفت ہوئی۔ قومی اور باقی صوبائی اسمبلیاں کب تحلیل ہوں، اس حوالے سے تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
جواب میں کہا گیا کہ حکومتی اتحادیوں نے مذاکرات میں لچک دکھائی ہے۔ اسمبلیوں کو وقت سے پہلے تحلیل کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا ہے۔