وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ بھارت کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کی نفی کردی گئی ہے کہ ہر مسلمان دہشت گرد ہے۔
بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت سے واپسی پر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے تنقید میں ان کو عدم تحفظ ہے اور وہ اس لیے ہے کیونکہ بھارت میں بالخصوص ایک ایسی جماعت کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے جس کی نمائندگی اس کا وزیر خارجہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروپیگنڈا کی میرے جانے اور اپنا مؤقف رکھنے سے اس بیانیے کی نفی ہوئی ہے جب وہ یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہر مسلمان دہشت گرد ہے تاکہ وہ اس پروپیگنڈے کو پھیلا کر انتخابات جیت سکیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی اور کشمیر کے معاملے پر پاکستانی نمائندے اجلاس میں بھارتی پروپیگنڈے کو ناکام کرتے ہیں اور یہ بات ان کو کڑوی لگتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ اپنی پریس کانفرنس میں اتنے جذباتی لگ رہے تھے۔