نگران حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں اور سیاسی جماعت کی قیادت کے درمیان رابطوں کے ثبوت مل گئے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کے ساتھ ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس کے دوران اہم عسکری، سرکاری اور نجی عمارتوں اور املاک میں توڑ پھوڑ کی گئی اور انہیں نذرِ آتش کردیا گیا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
انسپکٹرجنرل پولیس، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی و دیگر اعلیٰ افسران نے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاریوں، شناخت اورمقدمات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔