کراچی : پی پی کے رہنما اور صوبائی وزیر افرادی قوت سندھ سعیدغنی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کئی ممبرز حافظ نعیم کے رویے سے نالاں ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما اور صوبائی وزیر افرادی قوت سندھ سعیدغنی نے ایک بیان میں کہا کہ 194 لوگ ہیں تو پھر حافظ نعیم کو پریشانی کس بات کی ہے، جو ممبر پولیس حراست میں ہوگا اسے ووٹنگ کیلئے پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم کو یقین ہے کہ ان کے نمبرز پورے نہیں ہیں، 155 ممبرز تو پیپلزپارٹی کے اپنے ہیں، ن لیگ اور جے یو آئی بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، 99 فیصد یقین ہے ٹی ایل پی کے ممبرز بھی ہمارا ساتھ دینگے۔
رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ دیگر ملا کر بھی ہمارے تقریبا 10 ممبرز کم ہوں گے لیکن کوشش جاری رکھیں گے، جماعت اسلامی کے کئی ممبرز حافظ نعیم کے رویے سے نالاں ہیں، پیپلزپارٹی اس وقت سنگل لارجسٹ پارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم والے جس تقریب کاحوالہ دے رہے ہیں وہاں ان کے لوگ موجود تھے، ایم کیوایم کے وزرا نے تعریفوں کے پل باندھے، شکریہ بھی ادا کیا۔