وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے منظم منصوبہ بندی کے تحت 9 مئی کو ریاست کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے سرکشی اور بغاوت کی، ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کرنیوالوں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی اورنہ انہیں سیاست کرنے کا حق ہوگا۔
فیصل آباد میں نادرا اور پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہر حال میں ہوں گے لیکن فتنہ ملک کی سیاست سے مائنس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے دفاعی تنصیبات پر حملے کیے، جناح ہاؤس اور کور کمانڈر کی رہائشگاہ میں داخل ہوکر لوٹ مار کی، توڑ پھوڑ کے بعد عمارت کو آگ لگائی، حساس اداروں و دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جلاؤ گھیراؤ کیا، بلوائیوں کی قیادت کی، شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کی، انہیں توڑا پھوڑا، ان پر جوتے اور ڈنڈے برسائے، انڈیا اور مودی کو راضی کیا اور ان کی آڈیوز ویڈیوز و جیو فینسنگ سمیت دیگر ثبوت موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ شر پسند چاہے زمین کی ساتویں تہہ میں چھپ جائیں، ضمانتیں کروالیں یا کورٹ سے ریلیف لے لیں، ریاست کے خلاف بغاوت اور سرکشی کرنیوالے ان دہشت گردوں اور شرپسندوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جا ئے گا، نہ انہیں کوئی معافی ملے گی تاہم جن لوگوں کی صرف معمولی خطا ہے اور وہ بلوؤں، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں، انہیں معاف کرنے کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم پریس کانفرنسز کرکے آنکھوں میں دھول جھونکنے والوں سمیت ان لوگوں کو قانون کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، ریاست کے خلاف سرکشی کرنیوالوں کو ریاست میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔