گھریلو تشدد سے متعلق متنازع بیان دینے پر نامور ٹک ٹاکر کنول آفتاب نے معافی مانگ لی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کنول آفتاب نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے تھے۔
ایک صارف نے کنول آفتاب سے سوال کیا کہ اگر شوہر گھریلو تشدد کرتا ہو اور کوئی نوکری بھی نہ کرے تو کیا طلاق لینا صحیح ہے؟
30 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے ٹک ٹاکر نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ آپ اس کا ساتھ دینے اور ہمت بڑھانے کی کوشش کریں، طلاق کوئی راستہ نہیں ہے۔
کنول آفتاب کے اس جواب پر ایک صارف نے لکھا کہ کیا آپ گھریلو تشدد پر یہ کہہ رہی ہیں کہ شوہر کا ساتھ دیں؟ سوال دوبارہ پڑھیں۔
جس پر کنول آفتاب نے لکھا کہ سپورٹ کریں اس کے حالات کو بہتر اور اسکو صحیح کرنے میں۔
کنول آفتاب کی جانب سے شوہر کے تشدد کو برداشت کرنے کا مشورہ دیے جانے پر لوگوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی ذہنی صحت پر بھی سوال اٹھا دیے تھے اور بعض افراد نے دعویٰ کیا کہ ٹک ٹاکر کو گھریلو تشدد کے لفظ کی معنی بھی نہیں آتے ہوں گے، انہیں تعلیم حاصل کرنے کی ضروررت ہے۔
سوشل میڈیا پر معاملہ زیر بحث آنے پر کنول آفتاب نے معافی مانگ لی۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں جو بات کرنا چاہ رہی ہوں وہ کچھ لوگ سمجھنا نہیں چاہ رہے، کیونکہ کچھ لوگوں کو تنگ کرنے میں زیادہ مزہ آتا ہے۔‘