وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے پی ٹی آئی میں صف ماتم بچھ گئی، ان کی مس گورننس کاخمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا۔
نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت میں بہتری آئے گی، تاہم معاہدہ مسائل کا مستقل حل نہیں، لوگ ٹیکس نہیں دیں گے تو حکومت کو کشکول لے کر گھومنا پڑے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے پی ٹی آئی میں صف ماتم بچھ گئی ہے، ان کی مس گورننس کاخمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا، پی ٹی آئی نے ریاست کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔
پی ٹی آئی شرپسندوں کا ٹولا تھا
مریدکے میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ 9 مئی جیسے واقعات کی مثال نہیں ملتی، دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں اپنے ہی لوگ اپنی فوج پر حملہ کریں، 9 اور 10 مئی کے واقعات کے ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں ملنی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کے بل جلانے، پیسہ ہنڈی کے ذریعے بھیجنے کا کہنا والا، لوگوں کو سول نافرمانی کی ترغیب دینے والا ملک کا خیرخوا نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی شرپسندوں کا ٹولا تھا، ہماری اور پاکستان کی بدقسمتی تھی کہ 2014 میں دھرنے کے دوران ہماری حکومت نے اس کے خلاف ایکشن نہیں لیا۔
رانا تنویر کا کہنا تھا کہ کارکنان بھرپور محنت کریں، الیکشن میں نئے عزم کے ساتھ حصہ لیں گے، نواز شریف بہت جلد کارکنوں کے درمیان ہوں گے اور انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔