راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں وہ ایرانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر دو روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچے ہیں، جہاں وہ ایرانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ امور، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوگی۔
گذشتہ روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا تھا ، جہاں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی عیادت کی تھی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے، توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔