اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے نگراں سیٹ اپ میں وزیر اعظم کیلیے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نام پر اتفاق کی خبر کی تردید کرتے ہوئے معاملے پر رابطوں کیلیے کمیٹی تشکیل بنا دی۔
پیپلز پارٹی نے بتایا کہ نگراں وزیر اعظم کیلیے اسحاق ڈار کے نام پر اتفاق نہیں ہوا اور نہ پارٹی کو ان کا نام پیش کیا گیا، پیپلز پارٹی اس پوزیشن کیلیے غیر جانبدار امیدوار تجویز کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کیلیے کمیٹی تشکیل بنا دی جس میں یوسف رضا گیلانی، نوید قمر اور خورشید شاہ شامل ہیں۔ کمیٹی اسمبلی مدت اور نگراں وزیر اعظم پر دیگر جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ اسحاق ڈار کو نگراں وزیر اعظم بنانے کیلیے گفتگو نہیں ہوئی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیر اعظم بنانا (ن) لیگ کی خواہش ہے تو الگ بات لیکن نگراں وزیر اعظم اتفاق رائے سے بنے گا، جب کوئی نام آئے گا تب ہی اس پر بات کی جائے گی، نگراں وزیر اعظم کیلیے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کیلیے ابھی تک کوئی نام سامنے آئے ہی نہیں ہیں، اتحادی جماعتوں کی جانب سے 3 نام شارٹ لسٹ کیے جائیں گے، (ن) لیگ اسحاق ڈار کا نام لاتی بھی ہے تو اس پر بحث و مباحثہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نگراں وزیر خزانہ چاہیے جو آئی ایم ایف ڈیل آگے لے کر چلے، پیپلز پارٹی کے پاس نگراں وزیر اعظم کیلیے بہت سے نام ہیں۔