الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے گزشتہ روز منظوری کے بعد آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو توثیق کے لیے بھیج دیا ہے۔
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کیا گیا تھا جس کو آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو توثیق کے لیے ارسال کر دیا گیا ہے۔
یہ بل قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ارسال کیا ہے۔ صدر مملکت کی توثیق سے بل قانون بن جائے گا جب کہ اگر انہوں نے دستخط نہ کیے تو 10 دن بعد یہ بل ازخود قانون بن جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جو الیکشن ترمیمی بل 2023 کثرت رائے سے منظور کیا گیا ہے اس کے مطابق نگراں حکومت نئے عالمی معاہدے نہیں کر سکے گی تاہم نگراں حکومت جاری معاہدوں کی تکمیل اور دستخط کر سکے گی۔
مذکورہ الیکشن ترمیمی بل کی شق 230 کے تحت نگراں حکومت کو لامحدود اختیارات دینے پر حکومتی اتحادی جماعتوں کو اعتراض اور تحفظات تھے جس کو دور کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں اس شق پر اختلاف ختم کرتے ہوئے نگراں حکومت کو لامحدود اختیارات نہ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔