پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے سوال اٹھایا کہ کیا نگران وزرائے اعلیٰ مردم شماری پر فیصلہ کرسکتے ہيں؟
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کوئی کمیٹی تشکیل دی ہے جو مردم شماری نتائج کا جائزہ لے گی۔
انہوں نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس طلب کیا ہے جو مردم شماری کے معاملات دیکھے گی، اس وقت مشترکہ مفادات کونسل میں دو صوبوں کے نگران وزرائے اعلیٰ ہیں تو کیا نگران وزیر اعلیٰ مردم شماری پر فیصلہ کر سکتے ہیں؟
ان کا کہنا تھاکہ سی سی آئی مردم شماری پربات کرے گی، مردم شماری پر سندھ کو تحفظات ہیں۔
رضا ربانی کا کہنا تھاکہ نگران کا کام صرف صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، مردم شماری مزید متنازع ہو جائے گی اگر نگران وزرائے اعلیٰ اس پر فیصلہ کریں گے۔
اس حوالے سے وزير قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ضروری سمجھا جارہاہے مردم شماری کا معاملہ آئینی ادارے کے سامنے رکھا جائے۔
خیال رہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے نتائج کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل 5 اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔