پیپلزپارٹی کا میئر بننے پر کوئی کچھ بھی کہے اب کراچی سے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی سب سے زیادہ نشستیں پیپلزپارٹی ہی جیتے گی اور کراچی کی نشستوں کی بنیاد پر ہی بلاول وزیراعظم بنیں گے۔
سسی ٹول پلازہ پرسندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کام کیا ہے اسی لیے میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے روڈ نیٹورک اچھے ہوگئے ہیں، ملیر لنک روڈ دسمبر تک مکمل ہوجائے گا، اب مرتضی آئے ہیں معاملات مزید بہتر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ وفاق نے کراچی سرکیولر ریلوے (کے سی آر) کو بہت تعطل میں ڈالا ہے، کے سی آر پر کل وزیراعظم سے بات کروں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم تمام بڑے داخلی اور خارجی راستوں کیلئے ایک جامع اور مربوط سکیورٹی سسٹم ہوگا، اسے مختلف جگہوں پر کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر لگایا گیا ہے جس کے تحت شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں پر نظر رکھنا ممکن ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمارٹ سرویلینس سسٹم مختلف ٹول پلازوں کے 40 مقامات پر لگائے گئے ہیں، رواں ماہ کے آخر تک تمام ٹول پلازہ سسٹم سے منسلک کرلیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ کراچی خطرناک شہروں میں سے چھٹے نمبر سے 128 ویں نمبر تک پہنچا ہے، کسی نے کہا کہ کراچی سب سے ناقابل رہائش شہر ہے مگر میں نے کسی کو کراچی چھوڑتے ہوئے نہیں دیکھا بلکہ لوگوں کو کراچی آتے ہوئے ہی دیکھا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ اسمارٹ سرویلنس کیمرے چہرہ شناخت کر کے ہمارے سسٹم کو اطلاع کر رہے ہیں، اس کا پرپوزل ہم نے بنایا اور سندھ کابینہ نے اسے منظور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ حکومت سندھ کے پیسے بچائے جائیں، اس کیلئے ہم نے 3 کمیٹیاں بنائیں جس میں بہترین افسران کا انتخاب کیا۔