لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف اور اس کی بازیابی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
جسٹس سلطان تنویر نے حسان نیازی کے والد کی درخواست پر سماعت کی، حفیظ اللہ نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ بیٹے کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ حسان نیازی پولیس کی تحویل میں ہیں توپیش کریں۔ عدالت نے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او و دیگر سے 18اگست کو جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو دو روز قبل ایبٹ اباد سے گرفتار کیا گیا تھا، اور ایبٹ آباد پولیس نے حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
دوسری جانب لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حسان نیازی جناح ہاؤس مقدمے میں لاہور پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کو لاہورلانے کیلئے کوئٹہ کے محکمہ داخلہ کو چٹھی ارسال کردی گئی ہے، قانونی پراسیس کے بعد حسان نیازی کو لاہور پولیس کوئٹہ لینے جائے گی۔