اسلام آباد : نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری ہو یا ایمان مزاری کی ، ایف آئی اے کوئی غیرقانونی کام نہیں کر رہی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری ہو یا ایمان مزاری یا کسی اور کی، پولیس اور ایف آئی اے کوئی غیرقانونی کام نہیں کر رہی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کون سے قانون میں لکھا ہے ملزمہ یا ملزم دن کو گرفتار ہوسکتا ہے رات کو نہیں، الزامات پر تفتیش جاری ہے، سزا کے بارے میں عدالتیں فیصلہ کریں گی۔
یاد رہے ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو گرفتار کیا تھا، تھانہ ترنول پولیس ایمان مزاری کو ان کے گھر سے گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔