جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوئے، جب کہ سیکیورٹی فورسز کے 6 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان علاقے میں آپریشن جاری تھا کہ اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان بہادی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک، اور 2 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، اور آپریشن کلیئرنس جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادرجوانوں کی لازوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔