لاہور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک سے مہنگائی کے اندھیرے ایسے ختم کرینگے جس طرح ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔
لاہور میں ن لیگ کی پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین نے سیاسی و جماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی کا مظاہرہ کیا، ن لیگ نے خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ قائد نوازشریف نے اپنے ہر دور میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے، سال 2013سے2018کا نوازشریف کا دور حکومت کم ترین مہنگائی اور ملکی ترقی کا سنہرا دور تھا۔
اپنی گفتگو میں مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پورے پاکستان سے مہنگائی کے اندھیرے ایسے ختم کرینگے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں، یہ مہنگائی گزشتہ چار سال کے پروجیکٹ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہ ہوتی، قوم آج سوال پوچھے نوازشریف کو اقتدارسے الگ کیوں کیا گیا تھا؟