لاہور جماعت اسلامی پاکستان نے مہنگائی کے خلاف چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ چاروں گورنر ہاوسز کے باہر دھرنا دیں گے، کل پاکستان کے عوام اور تاجر برادری نے پُرامن اور کامیاب ہڑتال کی، ہڑتال نے پیغام دیا ہے کہ ان معاہدوں کو نہیں مانتے جو سابق حکومتوں نے کیے۔
سراج الحق نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کا نقصان عوا م کو ہو رہا ہے، معاہدوں کی تفصیل لیں گے اور اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، ہمارے پڑوسی ممالک میں بجلی پاکستان سے سستی ہے اور یہاں عوام مشکل میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ارادہ ہے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کر کے 90 روپے یونٹ کرے، بجلی کا بل آمدن سے زیادہ ہے لوگ اپنی اشیا بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے مسئلے کو نان ایشو قرار دیا۔
لگتا ہے وہ بے خبر ہیں یا ہمارے نہیں آئی ایم ایف کے نگراں ہیں۔ آپ نے ایک مہینے میں بجلی، پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ چینی 190 سے 200 روپے فی کلو میں مل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی حکومت خریدتی ہے تو اس کا بوجھ عوام پر کیوں ڈال رہے ہیں؟ ملک میں طویل مدتی منصوبے نہیں بنائے جاتے جس کی وجہ سے مسائل ہوتے ہیں، چوری آپ کریں اور نقصان عوام کا یہ نہیں ہوگا۔