نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مستونگ دھماکے سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سرفراز بگٹی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں مستونگ میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکے کی مذمت کی۔ شہباز شریف نے حافظ حمد اللہ اور دیگر زخمیوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہر محب وطن کو نشانہ بنا رہے ہیں، پورا پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔
اب سے کچھ دیر قبل مستونگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں پی ڈی ایم کے ترجمان اور جے یو آئی ( ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ سمیت 8 افراد زخمی ہونے کی افسوسناک خبر سامنے آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ حمد اللہ منگوچڑ جارہے تھے، دھماکا چوتو کے مقام پر حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا۔ حافظ حمد اللہ کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ بعد ازاں انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔