کراچی پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے فی الفور انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا
سی ای سی اجلاس کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام سے نہیں چھپ رہے، الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ٹی وی پر دیکھ لیں کس کی شکلیں مایوس نظر آتی ہیں، ایک اتحادی کے لیے کہا جاتا تھا مشکل میں پاؤں پکڑتے ہیں اور بعد میں گلا پکڑتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ خدشات، خاتمے کی ذمہ داری زرداری نے اٹھا لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے کوشش تھی ڈائیلاگ اور سیاسی طریقے سے الیکشن کی تاریخ کا حل نکالیں کاش ہماری وہ کوشش کامیاب ہوتی تو جمہوریت کے لیے بہتر ہوتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں نے 9 مئی کو جی ایچ کیو، جناح ہاؤس پر حملے کا فیصلہ کیا، ہم ان سیاست دانوں سے بات کرسکتے ہیں جو ان واقعات میں ملوث نہیں تھے۔
نیب ترامیم سے متعلق فیصلے پر چیئرمین پیپلزپارٹی سے کہا کہ سپریم کورٹ سے اسی فیصلے کی توقع تھی، ہمارے لیے نیب کوئی نئی چیز نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب آمر کا بنایا ہوا ادارہ ہے اسے بند کرنا چاہیے، ہمارا موقف ہے کہ احتساب سب کا ایک جیسا ہونا چاہیے۔