لاہور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نواز شریف ہی پاکستان اور عوام کے دکھوں کا علاج ہیں۔
پارٹی تنظیمی ونگز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف کو عوام نے جب وزیر اعظم بنایا تب انہوں نے عوام کو ریلیف دیا، انہوں نے ہمیشہ پاکستان کیلیے کام کیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے تمام مسائل کا یقینی حل ہے، پاکستان کی عزت، سربلندی اور ترقی کا منصوبہ صرف ان کے پاس ہے، وہ خدمت، عزت اور دیانت کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کو وزیر اعظم نہیں بنا رہے بلکہ اپنی خوش حالی کو یقینی بنا رہے ہیں، اُن کو ہمیشہ بحرانوں میں حکومت ملی لیکن انہوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کر دیا ہے اور اب پاکستان کو سرخرو کرنا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر بار ان کو ’پلس‘ کیا اور ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی، نواز شریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے۔