پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے نگران حکومت کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے)، اسلام آباد ائیر پورٹ اور دیگر اداروں کی نجکاری آئین اور قانون سے ماورا ہے۔
پی پی سینیٹر نے کہا کہ نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرکے نوے دن میں شفاف انتخابات کرانا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
واضح رہے کہ پی پی پی چیئرمین بھی الیکشن کمیشن سے 90 روز میں عام انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، حال ہی میں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے لہٰذا الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات اب سب کو نظر آ رہی ہے اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے، بہتر ہوتا لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے ایڈریس کیا جاتا، ہمارے لیول پلیئنگ فیلڈ کے تحفظات خصوصی طور پر ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں۔