لاہور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں جتنے بھی بحران پیدا ہوئے ان کے پیچھے حکومتوں میں شامل مافیاز ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے تحریک جاری رہے گی۔ آئی پی پیز معاہدے سابقہ حکومتوں کی بدنیتی تھی اور آئی پی پیز معاہدوں کے فرانزک آڈٹ ذمہ داران کا احتساب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے اور چیف جسٹس آئی پی پیز معاہدوں پر ایکشن لے کر قوم کو انصاف دلائیں۔
سراج الحق نے کہا کہ عوام ہر ماہ بجلی بلوں کی مد میں 48 فیصد غنڈہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ صارفین پر چوری شدہ بجلی، لائن لاسسز اور مفت خوری کا بوجھ ڈالا جاتا ہے لیکن کروڑوں، اربوں کے نادہندگان کو کوئی نہیں پوچھتا۔
انہوں نے کہا کہ 2 ہزار روپے کی ادائیگی میں دیر ہوجائے تو غریب کا میٹر اکھاڑ لیا جاتا ہے۔ عوام کے حقوق کے لیے ہماری تحریک جاری رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ کی جائیدادیں بیچ کر ازالہ کیا جائے اور اگر حکومت نے مہنگائی پر بات نہ سنی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرسکتے ہیں۔ جماعت اسلامی جلد بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی۔