لاہور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج جب پاکستان بھکاری بن گیا تو نواز شریف کیوں یاد آتا ہے
ٹھوکر نیاز بیگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج جب بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا ہوگیا تو نواز شریف کیوں یاد آتا ہے قوم کیوں نواز شریف کا راستہ دیکھ رہی ہے قوم اس لیے انتظار کر رہی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ملک ٹھیک کر دیتا ہے۔
پی ٹی آئی دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پچھلی حکومت میں صرف گالی گلوچ پر توجہ دی گئی جو جتنا بڑا جوکر تھا اور زیادہ گالیاں نکالتا تھا اس کو اتنی بڑی وزارت ملتی تھی لیکن نواز شریف نے اپنے 4 سالہ دور میں دھرنوں اور گالم گلوچ کے باوجود مہنگائی کم کی۔
مریم نواز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کا لیڈر واپس آ رہا ہے 7 سال سے پاکستان میں اداسی چھائی ہوئی تھی جو امید میں بدل رہی ہے، نواز شریف نے عوام کی خاطر اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے دن زیادہ دیکھے، 76 سالہ تاریخ میں نواز شریف کے علاوہ کوئی ایسا وزیر اعظم آیا جس نے قیمتیں نہ بڑھنے دی ہواس نے اپنے دور میں مہنگائی بڑھنے نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش نہ ہوتی تو کیا آج اتنی مہنگائی ہوتی اس کو اقامہ پر نہ نکالا جاتا تو کیا آج ملک میں بے روزگاری ہوتی؟ شیر کو مٹانے آنے والے کئی آئے کئی گئے لیکن شیر وہیں کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے پاکستان میں لانچ نہیں کیا، وہ پاکستان کا بیٹا ہے جس کے خاندان کی قبریں اسی ملک میں ہیں، میرا نواز شریف کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔