پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے نگراں حکومت کی غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو نکالنے کی حمایت کردی۔
پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگ ق کےصوبائی صدر علامہ محمد شعیب ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی پی میں شامل ہوئے۔
اس موقع پر پرویز خٹک نے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو نکالنے سے متعلق کہا کہ بغیر ریکارڈ کے افغان باشندوں کو واپس جانا چاہیے، ملک کو کباڑہ بنایا ہے ہر بندہ آکر گھومتا پھرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرسی نہیں بہتری چاہتا ہوں تاکہ عوام کو فائدہ پہنچا سکوں۔
پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم عوام کو گمراہ کر رہی ہے، میں کسی کے خلاف نہیں ہوں اور نا کسی سے مقابلے کے لئے آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پی ملک میں نظام ٹھیک کرنے کے ساتھ اصلاحات لانا چاہتی ہے۔