نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لیے معاونت فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کریں گے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے روکنے کے لیے کوئی انتظامی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے روکنے کے لیے کوئی انتظامی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت نے کوئی بھی قدم ماورائے آئین و قانون نہیں اٹھایا، معیشت سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، نگراں حکومت کو گورننس کے مسائل بھی ہیں، روزمرہ کے معاملات حل کرنا ضروری ہوتا ہے، بروقت معاشی فیصلہ نہ کرنے سے لوگوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسی لیے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے فیصلے کریں جن سے عوام پر دوررس اثرات مرتب ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے انتخابات کے معاملے پر قانون سازی کی ہے اور انتخابات کرانے کا مینڈیٹ الیکشن کمیشن کو دیا ہے، نگراں حکومت انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے اور اپنے امیدوار نامزد کرنے ہیں اور ہمارا کام فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر معاونت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر نے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو تجاویز دی ہیں، اس بارے میں نگراں حکومت کی صدر مملکت سے مشاورت کوئی قانونی تقاضا نہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیاسی جماعتیں اپنے تاثر سے ووٹر کو راغب کرتی ہیں، نگران حکومت شفاف، غیرجانب دارانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائے گی، کسی جماعت کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے۔