سیالکوٹ سابق وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مشکل وقت سے عوام کو اب نجات ملے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جلاوطنی کارکنوں کے دلوں میں محبت کم نہ کر سکی۔ 2018 کے انتخابات میں ووٹرز کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا جبکہ نواز شریف کو 3 دفعہ وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا اس سازش میں سب شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کارکنوں پر ظلم و جبر کیا گیا لیکن پھر بھی کارکن وفا کا پیکر بن کر نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے۔ مشکل وقت سے عوام کو اب نجات ملے گی اور ایسے سفر کا آغاز کریں گے جو خوشحالی کی منزل کی جانب ہو گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج کوئی اختلافی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے کشیدگی پیدا ہو
ہم ووٹوں کے ساتھ اقتدار میں آئے لیکن سازشیں جاری رہیں تاہم ہم نے ان سازشوں کا اسمبلیوں اور گلی محلوں میں مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے ساتھ 75 سال میں جو کچھ ہوا وہ قابل فخر بات نہیں اور آج جن حالات میں کھڑے ہیں ان میں اشرافیہ کا حصہ ہے۔ عدلیہ نے نیا سفر شروع کیا ہے اس میں انصاف بھی نظر آ رہا ہے۔