بیجنگ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے چین کیساتھ برادرانہ تعلقات سےزیادہ کوئی اوررشتہ اہم نہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے تھنک ٹینک اوراسکالرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی لازوال دوستی ہرموقع پرثابت قدم رہی ہے، پاکستان کیلئے چین کیساتھ برادرانہ تعلقات سےزیادہ کوئی اوررشتہ اہم نہیں۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دوطرفہ خصوصی تعلقات کو پاکستان میں قومی اتفاق حاصل ہے، پاکستان کسی کو بھی ہمارے گہرے دوستانہ تعلق کو متاثرکرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو پاک چین اسٹریٹجک تعاون کا مظہر ہے سی پیک دونوں ممالک کےبڑھتےاقتصادی و تجارتی تعلقات کی علامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ایک انقلابی منصوبہ ہے جو پائیدارترقی کےقومی ایجنڈےکوآگےبڑھارہاہے، سی پیک کو افغانستان تک وسعت دینے سے خطے میں ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید بتایا کہ چین اور پاکستان کےلئے گوادر کوعلاقائی روابط کا مرکز بناناچاہتے ہیں، سی پیک کے تحت 2لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، سی پیک نے پسماندہ اور طبقے کی سماجی ومعاشی ترقی کی راہ ہموار کی۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا اور سی پیک منصوبوں سے ہمارے نوجوانوں کو روز گار ملا۔