نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط تجارت اور سرمایہ کاری میں روس اور پاکستان کے تعاون پر گفتگو کی اور روس پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پورپ اور ایشیا کے مابین مواصلاتی روابط بڑھانے، پاکستان کی ریلوے، روڈ اور توانائی راہداریوں میں جغرافیائی اعتبار سے مرکزیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پورے خطے کی معاشی ترقی کے لیے علاقائی مواصلاتی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
نگراں وزیرِاعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، کاکڑ
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان اور روس یکساں موقف رکھتے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے بھی دوطرفہ تعاون اہمیت کا حامل ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کئی علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ سوچ رکھتے ہیں، روس کے ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اس حوالے سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور سینیٹر روس کا دورہ کر چکا ہوں، دونوں ممالک قریبی ثقافتی اور اخلاقی اقدار کے حامل ہیں۔