ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان آج اپنا اہم میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج بھارت کے شہر چنئی میں ایم اے چدم برم کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں دوپہر ڈیڑھ بجے میدان میں اتریں گی۔
پاکستان کا آج کا میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے ورنہ پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے 5 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 3 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی افریقہ بھی 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور صرف ایک میں ناکام ہوئی ہے۔
مجموعی طور پر جنوبی افریقن ٹیم کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہے۔