اسلام آباد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن میں ایک دن باقی رہ گیا 31 اکتوبر کے بعد گرفتاری اور ملک بدری کو یقینی بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈلائن میں ایک دن رہ گیا، غیر قانونی افغان شہریوں کی چمن بارڈر سے رضاکارانہ واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
حکومتی اقدامات کے بعد چمن بارڈر سے روزانہ سیکڑوں افغان باشندے اپنے وطن واپس جارہے ہیں، نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ان افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، جن کے پاس کوئی دستاویز نہیں۔
پکڑے گئے غیر قانونی غیر ملکیوں کے لیے ہولڈنگ ایریاز اور عارضی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے ساتھ کاروبار یا پناہ دینے پر بھی قانونی کارروائی ہو گی۔
مختلف اداروں سے جمع کی گئی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم بیس ہزار سے زائد افغان شہری باب دوستی کے ذریعے واپس افغانستان جا چکے ہیں، وطن واپس جانے والوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔
یاد رہے گران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے انخلا کاحتمی پلان تیار کرلیا گیا ہے، غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو 50 ہزار روپے سےزائد رقم لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نگران وزیر داخلہ نے واضح کیا تھا کہ یکم نومبر کے بعد غیر قانونی مقیم شہریوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا ہولڈنگ سینٹرزمنتقل کیاجائے گا۔