پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت نے عوام کے لیے کام نہیں کیا پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے لیے کام کیا ہے، پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی حمایت سے پیپلزپارٹی انشاء اللہ پھر حکومت بنائے گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری سے عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں عبدالقیوم آرائیں، ایوب راجپوت، شعیب آرائیں ایوب جٹ، عاشق زرداری طارق مسعود آرائیں، علی حسن زرداری، علی اکبرجمالی ودیگر موجود تھے۔
سابق صدر آصف زرداری نے نواب شاہ کے عمائدین کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تجاویز سنیں اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، سندھ میں مسلسل انتخابی کامیابی پیپلز پارٹی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سے کشمیر تک پاکستان پیپلز پارٹی ایک زندہ حقیقت ہے، عوام کی حمایت سے پیپلزپارٹی انشاء اللہ پھر حکومت بنائے گی۔
پارٹی کارکنوں سے خطاب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے عوام کیلئےکام نہیں کیا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے لیے کام کیا ہے، نواب شاہ میں ایگریکلچریونیورسٹی قائم کروں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضلع میں پولیس یونیورسٹی کا قیام کیا جائے گا، پولیس میں بھرتی ہونے والے امیدوار تربیت حاصل کریں گے، نہری نظام میں بہتری سے زرعی شعبے میں بہتری آئے گی۔