اسلام آباد نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کون کہاں ہے کسی کا پریشر نہیں لیں گے غیرملکیوں کوعزت و احترام کےساتھ واپس بھیجا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف آپریشن کے حوالے سے کہا کہ رضاکارانہ طورپرواپس جانے والے غیرملکیوں کو سراہتے ہیں اسلام آباد سے2بسوں کو طورخم کی طرف روانہ کیاگیا، 2لاکھ کے قریب تارکین وطن رضاکارانہ طورپرواپس گئےہیں۔
نگراں وزیرداخلہ نے بتایا کہ واپس جانے والے تارکین وطن کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کون کہاں ہے، کریک ڈاؤن جاری ہے اور غیرملکیوں کوعزت و احترام کےساتھ واپس بھیجا جائے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صرف غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھیجا جارہا ہے، ملک میں قانونی راستوں کےذریعے آئیں ان کوخوش آمدیدکہیں گے، حکومت کا موقف صرف یہ ہے کہ غیرملکی قانونی طورپر رہیں۔
انھوں نے کہا کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کی وجہ سےمسائل پیدا ہورہےہیں، غیرقانونی مقیم غیرملکی بغیرٹیکس نیٹ کےسہولتیں حاصل کرتےہیں 80سے90فیصدغیرملکیوں کی واپسی کا عمل 3سے4ماہ میں مکمل ہوگا اور ان کےخلاف بھی کارروائی ہوگی جنہوں نےجعلی شناختی کارڈبنائے کیونکہ کئی غیرملکیوں نےغیرقانونی طریقےسےشناختی کارڈ،پاسپورٹ بنا لیے۔
نگراں وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی کارروائیاں کسی ملک کے خلاف نہیں ہیں، غیرقانونی غیرملکی سوسائٹی میں مکس ہوگئےہیں انہیں الگ کرنا ہے، غیرقانونی غیرملکیوں کےانخلا میں ہمارے عوام ہماراساتھ دیں ، ہم اپنا گھر ٹھیک کرنے کی کوشش کررہےہیں کسی کا پریشر نہیں لیں گے،نگراں وزیرداخلہ
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو، 24 بم دھماکوں میں سے14افغان باشندوں نے کیے اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کی بڑی تعدادافغان باشندوں کی ہے، جس کا دل چاہتا ہے ملک میں گھس کر کسی بھی کونے میں چلا جاتا ہے۔