کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ الیکشن میں ہمارا مقابلہ کرنے والوں کو ایڈوانس میں ناکامی کی مبارکباد دیتا ہوں۔
شرجیل میمن نے اپنی پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) اور چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو ہمیشہ الیکشن کے موقع پر سندھ یاد آتا ہے، جب بھی وہ اقتدار میں ہوتی ہے تو کبھی بھی سندھ کا خیال نہیں آیا، سندھ میں یہ ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنانے کی کوشش کرتے ہیں، سندھ میں برسات کے موقع پر آنے والے ہمیشہ ناکام لوٹ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ہر الیکشن میں عوام کی جانب سے رد کر دیا جاتا ہے، سندھ کے عوام خدمت کرنے والوں کو جانتی ہے، اس بار مقابلہ دیہی اور سندھ میں نہیں بلکہ سینٹرل پنجاب میں بھی ہوگا، پیپلز پارٹی بھرپور طاقت کا مظاہرہ بھی کرے گی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارے خلاف اتحاد بنانے والوں کو 8 فروری کو تاریخی شکست ہونے جا رہی ہے، پنجاب سمیت پورے پاکستان سے شاندار سوئپ کریں گے، 2024 پاکستان پیپلز پارٹی کا سال ہے اپنا وزیر اعظم بنائیں گے، عوام دیکھ رہے ہیں کون سی پارٹی ہے جس نے جبر برداشت کیا لیکن ملک نہیں چھوڑا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کا برا حال کر دیا سب سے منافق شخص چیئرمین پی ٹی آئی ہے، اسلامی ٹچ کی باتیں کرنے والا چیئرمین پی ٹی آئی کہاں گیا، اس ملک میں چیئرمین پی ٹی آئی جیسے لوگ تھوپے گئے، نہیں چاہتے کہ اس طرح کے لوگ 2024 میں بھی تھوپے جائیں، ملک اس طرح کی نااہل جماعتوں کو تھوپنے نہیں دیں گے۔